حکومت دہشت گردی کے خاتمے میں ناکام ہو گئی‘ بے گناہوں کے خون پر ریاست تماشا دیکھ رہی ہے: نوازشریف
لاہور (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے کوئٹہ اور سوات کے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوئی م¶ثر حکمت عملی اپنانے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے اور ملک کو لاقانونیت کے چنگل میں دے دیا گیا ہے۔ ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نے ان دھماکوں میں جاںبحق ہونے والوں کے لئے مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کے سر شرم سے جھکے ہوئے ہیں۔ ایسی قتل و غارت گری تو جنگلوں میں بھی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے۔ کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے ہاں صبح و شام بے گناہوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور ریاست خاموشی سے یہ تماشا دیکھ رہی ہے۔ نوازشریف نے کوئٹہ میں ایک سو سے زائد افراد کے جاںبحق ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن میں اتنے بے گناہ انسانوں کا قتل پورے معاشرے کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کی اس لہر پر قابو پانے کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جانی چاہئیں۔ نوازشریف نے کہا اتنے بڑے سانحے پر حکومت بلوچستان کی بے حسی اپنی جگہ بہت بڑا سانحہ ہے۔ جب حکومتی انتظامیہ اس قدر لاتعلق ہو کر رہ جائے تو لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کون کرے گا؟