طاہر القادری قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں، ہاتھ ناکامی کے سوا کچھ نہ آئیگا: وٹو
لاہور (آئی این پی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے ایک بار پھر ڈاکٹر طاہر القادری سے لانگ مارچ کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاہر القادری اپنا اور قوم کا ٹائم ضائع کر رہے ہیں۔ ان کے ہاتھوں میں ناکامی کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔ انتخابات میں کامیابی کیلئے حکمت عملی بنا لی ہے، مسلم لیگ ن کو پنجاب میں عبرتناک شکست دینگے۔ لاہور میں پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو اور اپنے بیان میں میاں منظور وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات سے بھاگنے والوں میں سے نہیں ہے۔ ہم نذے ہمیشہ سیاسی مخالفین کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ سمیت تمام مخالفین کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں اور پنجاب سمیت ملک بھر میں پیپلز پارٹی کلین سویپ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری الیکشن کا راستہ اختیار کریں اور پارلیمنٹ میں آ کر اپنی تجویز کردہ اصلاحات کا بل لے آئیں۔ آئینی ترامیم یا اصلاحات سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں منظور ہوتی ہیں۔ طاہر القادری عزت دار شخص ہیں۔ وہ مارچ ملتوی کر دیں۔ منظور وٹو نے زور دیا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے ملکی حالات خراب ہوں اور سیاسی عمل کو نقصان پہنچے۔