وفاقی حکومت نے سینکڑوں کنٹینر زبردستی بلامعاوضہ قبضے میں لے لئے ہیں‘ پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن
لاہور (سٹاف رپورٹر) پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس صوبائی صدر ذوالفقار علی چودھری کی صدارت میں ہوا جس میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عہدیداروں نذے شرکت کی۔ ذوالفقار علی چودھری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے طاہر القادری کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے سینکڑوں کی تعداد میں ٹرک ڈیلرز سے کنٹینر زبردستی بلامعاوضہ قبضے میں لیکر اسلام آباد کی شاہراہوں پر سڑک بلاک کرنے کیلئے اتار لئے ہیں جن میں کروڑوں روپے کا مال بھرا ہے۔ اس میں کھانے پینے کی اشیاءبھی موجود ہیں جو خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ 40 فٹ کنٹینر کا یومیہ چارجز 20 امریکی ڈالر اور 20 فٹ کنٹینر 10 امریکی ڈالر یومیہ کرایہ ٹرانسپورٹروں کو ادا کرنا ہو گا۔ ہماری ہر گاڑی کے 8 سے 10 دن ضائع ہو جائیں گے۔ ہمیں یہ بھی خطرہ ہے کہ گاڑیوں، کنٹینروں جن میں آئل اور کیمیکل موجود ہے ان کی توڑ پھوڑ اور آگ لگنے کا بھی خدشہ ہے۔ ہماری فی گاڑی 40 فٹ کا یومیہ نقصان 8 ہزار روپے اور 20 فٹ گاڑی کا 4 ہزار یومیہ ٹرانسپورٹرز کو نقصان ہو گا۔ ہماری گاڑیوں کو معاوضہ ہونے کی صورت میں کلیم ادا نہ کیا تو اسلام آباد کی شاہراہوں سے کنٹینر نہیں ہٹائیں گے اور اسلام آباد کو سیل ہی رہنے دینگے۔