پاکستان پر پابندیوں کی خواہش نہیں: عارف حسن‘ ناکامی پر جان چھوڑ دیں: رانا مجاہد اکرم ساہی
لاہور (حافظ محمد عمران) لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے کہا ہے کہ انہوں نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو خط لکھ کر کوئی غلط کام نہیں کیا اور یہ کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ملک میں کھیلوں کی تباہی کا ذمہ دار ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے سید عارف حسن نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ایک ایسے ادارے کے خلاف سازش کر رہا ہے جو ملک میں کھیلوں کی ترویج و ترقی کے لئے کام کرنے والا واحد ادارہ ہے۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا وجود باقاعدہ انتخابات کی بنیاد پر قائم ہے۔ میں کھیلوں کی ترقی اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کا مشن لے کر کام کر رہا ہوں۔ پی او اے پر پابندی اور اس پر ایڈہاک لگانا سراسر زیادتی اور ملکی مفاد کے خلاف ہے، ہماری لیگل کمیٹی انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے میں ہے اور ہم ان کی مشاورت سے اور تمام فیڈریشنز کی مشاورت سے فیصلے کریں گے۔پاکستان سپورٹس بورڈ کا ہم پر فیصلے مسلط کرنا اور ہمیں اپنے ماتحت ادارے کے طور پر چلانے کی کوشش کرنا سراسر غلط ہے۔ مسئلہ صرف یہ ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ 32ویں قومی کھیل خود منعقد کروانا چاہتا ہے جو ہمارا استحقاق ہے۔ میں نہیں چاہتا کہ پاکستان پر پابندیاں لگیں، بین الاقوامی سطح پر ہماری ساکھ کو نقصان پہنچے، ہم مل بیٹھ کر معاملات کے حل کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں، اداروں کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی ایڈہاک کمیٹی کے رکن رانا مجاہد علی خان کا کہنا تھا کہ سید عارف حسن پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے نتائج دینے میں ناکام رہے ہیں، وہ اپنے منصوبوں پر عملدرآمد نہیں کروا سکے، اب انہیں جان چھوڑ دینی چاہئے، ان کے خلاف فیصلے میں کھیلوں کی فیڈریشنز کی اکثریت شامل ہے، اس لئے وہ معاملے کو غلط رنگ دینے کی کوشش کرنے کے بجائے گھر جائیں اور کھیلوں سے مخلص افراد کو کام کرنے کا موقع دیں۔ اس معاملے میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ”مس گائیڈ“ نہیں ہوگی۔پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی کا کہنا ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر یہ چاہتے ہیں کہ اگر اس عہدے پر نہیں رہتے تو پھر پہلے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی پاکستان پر پابندیاں عائد کر دیں، پاکستان میں سپورٹس تباہ ہو جائے یعنی اگر عارف حسن نہیں تو کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عارف حسن اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلے کے نفاذ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں اگر ان لوگوں کو کوئی مسئلہ ہے تو عدالت سے رجوع کریں، جیساکہ بریگیڈیئر عارف صدیقی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس دائر کر رکھا ہے۔