پاکستان سپر لیگ کھیلنے کیلئے بھارتی‘ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کا پی سی بی سے رابطہ
لاہور+کراچی (نیوز ایجنسیاں) پاکستان سپر لیگ کھیلنے کیلئے بھارتی اور بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کا پی سی بی سے رابطہ، کھیلنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان سپرلیگ مارچ کے تیسرے ہفتے میں شروع ہوگی۔ 26 مارچ سے شروع ہونیوالی پاکستان سپرلیگ لاہور اور کراچی میں کرانے کی تجویز زیرغور ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے پاکستان سپر لیگ کے مفاد کے پیش نظر بھارتی کھلاڑیوں کے نام بتانے سے گریز کیا ہے جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان نہیں بھیجنا چاہتا لیکن کچھ بنگالی کرکٹرز نے بھی پی ایس ایل میں شرکت کیلئے پی سی بی سے رابطہ کیا ہے۔ پی سی بی کے سینئر حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار بھارتی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل میں شرکت کیلئے اپنی درخواستیں بھارتی بورڈ کو جمع کرا دی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم کے سابق کوچ جیف لاسن نے بھی پی ایس ایل ٹیم کا کوچ بننے کا عندیہ دیا ہے۔