فوج کو بلوچستان کا کنٹرول فوری سنبھال لینا چاہئے: شجاعت حسین
لاہور (این این آئی) مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جمہوری یا غیر جمہوری کیا فوج کو بلوچستان میں کنٹرول سنبھال لینا چاہئے، بلوچستان کے حالات سنگین صورتحال اختیار کر چکے ہیں، وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی کو فوراً واپس آ کر حالات کو کنٹرول کرنا چاہئے ورنہ وہ مستعفی ہو جائیں اور بلوچستان کو فوراً فوج کے حوالے کر دینا چاہئے۔ وہ مال آف لاہور میں گرین ویلی پریمیم سپر مارکیٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ شجاعت حسین نے کہا کہ بلوچستان میں لوگ لاشیں رکھ کر احتجاج کر رہے ہیں، ظلم ناقابل برداشت ہے، لوگوں کی برداشت ختم ہو رہی ہے۔ ان حالات میں صوبہ بلوچستان میں فوج کا آنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا لانگ مارچ ابھی لاہور سے شروع ہوا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری سے مذاکرات جاری ہیں، امید ہے کہ اسلام آباد پہنچنے تک معاملات کا حل تلاش کر لیا جائے گا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک ریاض پر اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے وہ جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں اللہ تعالیٰ ان پر فضل کرتا ہے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ غریبوں کا خیال رکھا ہے۔