• news

شمالی وزیرستان : سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ‘17 اہلکار شہید‘25 زخمی

اسلام آباد/ میرانشاہ ( سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت نیوز+ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ کے قریب میرانشانہ رزمک روڈ پر سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ میں 17 اہلکار شہید اور 25 زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنوں اور میرانشاہ کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ بم ڈسپوزل حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ منزل کی جانب رواں تھا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک کنارے نصب بم کی زد میں آگیا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق سکیورٹی فورسز کی گاڑی میرانشاہ میں رزمک روڈ پر جا رہی تھی کہ نامعلوم افراد نے ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنا دیا جس کے نتیجہ میں 17 اہلکار جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔ اے ایف پی کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ اتوار کے روز شمالی وزیرستان میں میرانشاہ کے علاقہ دوسالی میں نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے بم نصب کررکھا تھا جس کی زد میں سکیورٹی فورسز کا قافلہ آگیا۔ حملہ میں ایک گاڑی تباہ ہوگئی، اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کے مطابق فورسز کی گاڑی پر دھماکہ خیز بارودی مواد سے حملہ کیا گیا۔ شمالی وزیرستان ایجنسی میں اتوار کے صبح سے ہی کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا اور فوج کے قافلے حرکت کر رہے تھے کہ اسی دوران میرانشاہ رزمک روڈ پر قافلہ کو ایک ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ کے بعد پاک فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے پہنچ کر علاقہ میں شیلنگ بھی کی۔ تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ادھر لوئر کرم ایجنسی صدہ کے قریب پاراچنار سے پشاور جانے والی مسافر کوچ پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ میں ایک شخص جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔ پارا چنار سے پشاور جانے والی مسافر کوچ جوں ہی صدہ شہر کے قریب پہنچی تو سڑک کے کنارے نصب بم ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ فورسز نے بعد میں روڈ ٹریفک کیلئے بحال کردیا اور علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ علاوہ ازیں مستونگ میں نامعلوم افراد نے سکیورٹی فورسز کے قلعہ پر راکٹوں سے حملہ کردیا۔ پولیس کے مطابق پہاڑوں سے سکیورٹی فورسز کے قلعہ پر راکٹ کے 4 گولے فائر کئے جو قلعہ کے قریب کھلے میدان میں گر کر دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ دریں اثناء ضلع صوابی کے علاقہ چھوٹا لاہور میں پولیس وین پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ایس ایچ او ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور حملے کے نتیجہ میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سید منور حسن، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے بھی سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس دھماکے میں متعدد اہلکاروں کی شہادت پر گہرے افسوس، شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور حملے کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں پشاور کے علاقے بڈھ پیر میں نامعلوم افراد نے دو مارٹر گولے فائر کئے جس سے زوردار دھماکے ہوئے تاہم گولے کھیتوں میں گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن