• news

مارچ کو سعودی پاک ٹاور سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا‘ کسی نے بدمعاشی کی تو قانون حرکت میں آئے گا: رحمن ملک

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ طاہر القادری کا یہ لانگ مارچ انتخابات ملتوی کروانے کی ایک سازش ہے اور ان کا مقصد جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کے سوا کچھ بھی نہیں۔ لانگ مارچ کے شرکاءکو پارکنگ کیلئے ایف نائن پارک دیا جائیگا شرکاءکو سعودی پاک ٹاور سے آگے نہیں جانے دینگے کسی نے بدمعاشی کی تو قانون حرکت میں آجائیگا مارچ کے شرکا کو نقصان کا ہرجانہ ادا کرنا ہوگا سکیورٹی پر آنے والے اخراجات کا بل طاہر القادری سے وصول کرینگے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ طاہرالقادری کو بیرون ملک سے ہدایات مل رہی ہیں اور ان کا جو مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن کا تقرر دوبارہ سے کیا جائے وہ صرف اور صرف اس لئے ہے کہ انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔ طاہرالقادری کسی ایک جگہ اسلام آباد میں بارود ثابت کر دیں تو استعفیٰ دے دونگا۔ کینیڈا سے پوچھوں گا طاہر القادری کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا؟ کینیڈا سے پوچھوں گا ان کا شہری کسی اور ملک میں گڑ بڑ کرسکتا ہے؟ معلوم ہے شیخ الاسلام کن کن لوگوں سے دبئی اور لندن میں رابطہ کرکے آئے ہیں میڈیا اس ایشو کو کرکٹ میچ نہ بنائے، لانگ مارچ کیلئے بلیو ایریا کے آخر میں سٹاک ایکسچینج کی عمارت کے سامنے چوراہے میں جگہ دی ہے وہ اپنے بائیں اور سامنے رہ سکیں گے ان کو دائیں طرف نہیں جانے دونگا۔یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کے جھوٹوں کا پلندہ وائٹ پیپر کی صورت میں سامنے آئے گا۔ میری معلومات انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہوتی ہیں جس کی بنا پر ان پر حملے کی اطلاع دی ہے۔ کراچی سے 5 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا ہے جو کہ طاہرالقادری پر حملے کا منصوبہ بنائے ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری کے قول و فعل میں تضاد ہے اور میں یہ ثابت کر سکتا ہوں کہ وہ جھوٹے ہیں۔ طاہرالقادری سے کہتا ہوں کہ وہ قوم کی قسمت کے ساتھ کھیلنے سے اجتناب کریں تو بہتر ہوگا، ملک میں جمہوریت ہے اور رہے گی۔ طاہر القادری کے بیرون ملک رابطوں سے بھی آگاہ ہیں جن کے مطابق ان کے بیرون ملک رابطوں کے ثبوت ہیں فراہم کرنے پر 50 لاکھ انعام دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنا ہمارا فرض ہے اس لئے اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی کوشش کی تو پھرقانون بھی ضرور حرکت میں آئے گا۔ لانگ مارچ کے شرکاءکیلئے بلیو ایریا میں جگہ مختص کر دی گئی ہے۔طاہر القادری اچانک نہیں آئے بلکہ وہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت آئے اس لئے ان کے لئے جو بلٹ پروفٹ گاڑی تیار کی گئی اس کیلئے 6 ماہ لگتے ہیں جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت آئے ہیں۔ قبل ازیں یہاں جاری بیان میں وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر اے رحمن ملک نے کہا ہے کہ طاہرالقادری کا یہ لانگ مارچ انتخابات ملتوی کروانے کی ایک سازش ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری اب کاذب عظیم ہوگئے ہیں، بلیو ایریا میں لانگ مارچ کے لئے جگہ دیدی ہے اگر کوئی شخص مخصوص علاقے سے باہر نکلا تو ہمارا تادیر”مہمان“ رہے گا۔ لانگ مارچ کے شرکا کو سعودی پاک ٹاور سے آگے نہیں جانے دینگے۔جھوٹے بولنے پر ڈاکٹر طاہر القادری کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہونا چاہئے۔ کاذب عظیم اسلام آباد میں خندقوں میں گولہ بارود بھرنے کا جھوٹا الزام ثابت کریں یا پھر اپنا بوریا بستر گول کرکے واپس کینیڈا چلے جائیں۔ پوری قوم اس کاذب عظیم کا چھپا ہوا چہرہ اچھی طرح دیکھ چکی ہے بہتر ہے عوام کی پرزور فرمائش پر کاذب عظیم اپنا دماغی معائنہ کروائیں اور پاگل پن سینڈرم کا علاج کروانا بہت ضروری ہے۔ ضرورت پڑنے پر ان کے دماغی معائنہ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ عوام کی طرف سے مسترد شدہ کاذب عظیم اب راہ فرار اختیار کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ نہ کریں۔

ای پیپر-دی نیشن