پاکستان اور بھارت میں سرحدی کشیدگی برقرار، فلیگ میٹنگ آج ہوگی
اسلام آباد+نئی دہلی+جموں(سٹاف رپورٹر+ایجنسیاں) پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی بدستور برقرار ہے،لائن آف کنٹرول میں پونچھ سیکٹر میں سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا ہے، بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی فورسز نے سیز فائر کی تازہ خلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ چوکیوں پر فائرنگ کی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے دفاعی ترجمان کرنل آر کے پالتا نےالزام لگایا کہ پاکستانی فورسز نے ہفتے کی رات کرشنا گھاٹی سیکٹر میں قائم پانچ چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی فورسز نے اس وقت فائرنگ شروع کی جب دراندازی کے ایک گروپ کو اندر دھکیلنے کی کوشش ناکام بنائی گئی جس کے بعد دونوں سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ اور بھاری گولہ باری کا شدید تبادلہ شروع ہوا جو چار گھنٹوں تک جاری رہا۔ اس دوران کسی بھی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ علاوہ ازیںکنٹرول لائن پر حالیہ فائرنگ کے واقعات پر پاکستان اور بھارت کے کمانڈروں کے درمیان فلیگ میٹنگ آج پیر کے روز منعقد ہو گی۔ عسکری ذرائع کے مطابق یہ میٹنگ بریگیڈ کمانڈرز کی سطح پر ہوگی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 جنوری کو کنٹرول لائن پر پاک فوج کے لانس نائیک محمد شہید ہوگئے تھے۔ اسی طرح کی ایک اور جارحانہ کارروائی میں حوالدار محی الدین نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ پاکستانی عسکری ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پاکستانی اور بھارتی فوجوں کے درمیان جھڑپوں کے باعث پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث آج ایل او سی پر بریگیڈ سطح کا اجلاس ہوگا۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے کہا دونوں فوجی حکام آج پیر کو ملیں گے۔ یہ لوکل کمانڈ میٹنگ ہے۔ بھارتی فوج کے ایک اور ترجمان کرنل جگدیپ دھائیا نے کہا کہ یہ لوکل کمانڈرز کا اجلاس میندھر میں ہوگا جہاں پر دونوں فوجوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں۔ دریں اثناءبھارتی سکیورٹی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقے سے ایک مشتبہ درانداز کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ گرفتار شخص پاکستانی ہے۔