ہاکی انڈیا لیگ آج سے شروع‘ پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پر شیوسینا کا احتجاج
لاہور+نئی دہلی(سپورٹس رپورٹر+آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) ہاکی انڈیا لیگ آج سے بھارت میں شروع ہوگی،پاک بھارت سرحدوں پر تعلقات کشیدہ ہونے کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں کی بھارت میں کھیلنے پر خطرات بڑھ گئے۔ بھارتی ہاکی ٹیم نے کے سابق اولمپیئن ظفر اقبال نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے بھارت میں مختلف مقابلوں میں شرکت پر اعتراض نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ کھیلوں سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات استوار ہوں گے اور دونوں پڑوسیوں کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ ہوگا۔ سابق ہندوستانی کپتان اور ہاکی انڈیا لیگ میں پنجاب وارئیرز کے مشیر ظفر اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا تھا اس وقت کسی بھی طرح کی کوئی پریشان ار مخالفت نہیں ہوئی تھی اس طرح اب پاکستانی کھلاڑیوں کی ہاکی انڈیا لیگ میں شرکت پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے باہمی کشیدگی سے ختم ہو سکتی ہے۔ بھارتی شہر ممبئی میں سخت گیر ہندو نظریاتی جماعت شیوسینا کے احتجاجی مظاہرے کے بعد پاکستان کے ہاکی کھلاڑیوں کو سٹیڈیم سے باہر نکالا گیا۔ پاکستان کے نو ہاکی کھلاڑی بھارت میں ’ہاکی انڈیا لیگ‘ کے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے بمبئی ہاکی ایسوسی ایشن کے سٹیڈیم میں پریکٹس میچ کھیل رہے تھے۔ تبھی شیو سینا کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سٹیڈیم کی جانب بڑھے۔ پولیس نے سکیورٹی کے سبب ان کھلاڑیوں کو اپنی حفاظت میں سٹیڈیم سے باہر نکالا۔ پاکستانی کھلاڑی بھارتی کھلاڑیوں کے سات ہی پریکٹس میچ کھیل رہے تھے جو لیگ کی مختلف ٹیموں کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ شیو سینا کا کہنا ہے کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے خلاف وہ احتجاج کریں گے اور کسی بھی صورت میں پاکستانی کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس ہنگامے کے بعد بمبئی ہاکی ایسوسی ایشن کے ایک سینئر اہلکار منوج بھور نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ آگے کیا ہوگا اس بات چیت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ ’ہم ایک میٹنگ میں ہی تھے کہ شیو سینا کے لوگ آئے اور پاکستان کے خلاف نعرہ بازی شروع کر دی اور کہا کہ وہ انہیں نہیں کھیلنے دیں گے۔ اب میٹنگ ہوگئی ہے، ٹیموں سے بات چیت ہو گی، لوکل کمیٹی سے مشورہ کیا جائے گا اور پولیس سے بھی بات ہو گی تب کچھ فیصلہ کیا جائیگا کہ آخر کیا کیا جائے۔