فیصل آباد : کمشنر الیون نے انٹرنیشنل گولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ جیت لیا
فےصل آباد (نمائندہ خصوصی)کمشنر الیون کبڈی ٹیم نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد فےصل آباد انٹرنےشنل گولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ جیت لیا ۔ کمشنر الیون نے 46 پوائنٹس اور اس کے مد مقابل انڈین پنجاب کی ٹیم نے 45 پوائنٹس بنائے ۔یہ میچ شروع ہی سے انتہائی کانٹے دار رہا اور کئی موقعوں پر ان ٹیموں کا سکور برابر بھی رہا لیکن کمشنر الیون کبڈی ٹیم نے کمال ہنر اور فن کامظاہرہ کرتے ہوئے انڈین ٹیم کو مات دی۔ ٹورنامنٹ کے تیسرے روز پہلا میچ پاک پنجاب کبڈی ٹیم اور آر پی او الیون کبڈی ٹیم کا مقابلہ 51-51 پوائنٹس سے برابر رہا تاہم تیسری پوزیشن پاک پنجاب کبڈی ٹیم اور چوتھی پوزیشن آر پی او الیون حاصل کی ۔ ڈویژنل کمشنر طاہر حسین اور آر پی او چوہدری آفتاب احمد چیمہ اس موقع پر مہمانان خصوصی تھے ۔انہوں نے کبڈی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے ۔ پہلا انعام اڑھائی لاکھ روپے نقد بمعہ ٹرافی کمشنر الیون کبڈی ٹیم کے کپتان لالہ عبیداﷲ کمبوہ ‘دوسرا انعام ڈیڑھ لاکھ روپے نقد بمعہ ٹرافی ‘ انڈین پنجاب کبڈی کے ٹیم کپتان رانا رنجیت سنگھ ‘ تیسرا انعام ایک لاکھ روپے نقد بمعہ ٹرافی پاک پنجاب کبڈی ٹیم کے کپتان شہرام ساجد بھٹو اور چوتھا انعام پچاس ہزار روپے نقد آر پی او الیون کے کپتان امین واہلہ نے وصول کیا ۔موٹر سائیکلوں کے خصوصی انعامات ٹورنامنٹ کے دوران کبڈی کے بہترین جاپھی اور سائی انڈین پنجاب کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں تیز وندر سنگھ لاڈی اور بلوندرسنگھ بیتا کے حصے میں آئے جبکہ کمشنر فیصل آباد نے ٹورنامنٹ جیتنے والی کبڈی ٹیم کمشنر الیون کے کپتان لالہ عبیداﷲ کمبوہ کے لئے موٹر سائیکل کے خصوصی انعام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر طاہر حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی ٹورنامنٹ میں لوگوںکی پر جوش اور کثیر تعداد میں شرکت سے کبڈی کا کھیل جیت گیااور اس کھیل نے اپنا ایک کھویا ہوا اہم مقام حاصل کر لیا ہے جس کی ترقی اور فروغ کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے جن کے تحت کبڈی سٹیڈیم کے قیام کے علاوہ کبڈی کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے کبڈی ٹریننگ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی ۔ انہوں نے کبڈی ٹورنامنٹ میں خصوصی شرکت پر انڈین پنجاب کی ٹیم اور آفیشلز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم کے باعث کبڈی کے شائقین کو بین الاقوامی معیار کا دلچسپ کھیل کھیلنے کا موقع ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس ٹیموں کے تبادلوں سے پاکستان اور انڈیا میں اعتماد کی فضا مزید مضبوط ہوگی اور حکومتوں و عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا ۔انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا ۔ آر پی او آفتاب چیمہ نے کہا کہ کبڈی ٹورنمنٹ سے شائقین بہترین مقابلوں سے بھر پور لطف اندوز ہوئے ہیں اورانہیں تفریح کا موقع ملا ہے انہوں نے کہا کہ پولیس کی کبڈی ٹیموںکی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ۔ انڈین پنجاب کبڈی ٹیم کے آفیشلز سردار جسپال سنگھ ڈھلوں ‘ سردار سنتوسنگھ ڈھلوں‘ سردار چوگندر سنگھ ‘ منجیت سنگھ پنوں ‘سردار رندھیر سنگھ تیرا ‘ سردار سکھ ویر سنگھ چوہان اور دیگر نے عمدہ مہمان نوازی پر ڈویژنل انتظامیہ اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پیار و محبت اور امن و دوستی کا پیغام لے کر فیصل آباد پاکستان آئے ہیں اور انہیں بھر پور محبتوں سے نوازا گیا ہے ۔