• news

دورہ جنوبی افریقہ ....قومی کرکٹرز عمدہ کارکردگی ‘ کامیابی حاصل کرنے کیلئے پرعزم


لاہور(سپورٹس رپورٹر+آئی این پی) قومی کرکٹر یونس خان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ آسان حریف نہیں ہو گا مگر پاکستانی ٹیم کی دورہ بھارت میں بہتر کارکردگی کے بعد ہم یقیناً وہاں بھی کامیابی حاصل کریں گے‘ پاکستانی ٹیم میں نئے ٹیلنٹ کے آنے سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران یونس خان نے کہا کہ میری ٹیم میں شمولیت کسی سفارش کی وجہ سے نہیں بلکہ کارکردگی کی وجہ سے ہوتی ہے اور جنوبی افریقہ کے دورہ میں بھی مجھے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے اور انشااللہ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت ٹیم کی مضبوطی کا باعث بنی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم بھارت کی طرح جنوبی افریقہ کو بھی شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ٹی ٹونٹی کے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ٹیم میں سفارش کی بنیاد پر نہیں میرٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب ہوتا ہے‘ کسی کھلاڑی کے ساتھ کوئی ذاتی اختلاف ہے اور نہ ہی ٹیم کا انتخاب میں نے کرنا ہوتا ہے بلکہ یہ سلیکشن کمیٹی کا کام ہوتا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران محمد حفیظ نے کہا کہ میں نے کبھی بھی ٹیم میں شمولیت کیلئے کسی کھلاڑی کی سفارش نہیں کی کیونکہ میں بھی اس بات کا حامی ہوں کہ ٹیم میں کھلاڑیوں کو میرٹ کی بنیاد پر ہی شامل کیا جانا چاہئے اور جب ٹیم کا انتخاب میرٹ پر ہوتا ہے تو پھر ہم بھارت جیسے ملک کو اس کی سرزمین پر شکست دینے میں بھی کامیاب ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے کسی کھلاڑی سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں سب کو اپنا بھائی سمجھتا ہوں اور مل جل کر چلتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن