• news

سری لنکا آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میں ہرا کر شکستوں کے بھنور سے نکل آئی


ایڈیلیڈ ( نیوز ایجنسیاں) سری لنکا نے لاہیرو تھریمانے کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، آئی لینڈرز نے تینوں شعبوں میں غیر معمولی کھیل پیش کرتے ہوئے کینگروز کو چاروں شانے چت کر دیا، میزبان سائیڈ مالنگا، میتھیوز اور تھسرا پریرا کی تباہ کن باﺅلنگ کے باعث 170 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سری لنکا نے ہدف 40.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، تھریمانے نے 102 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور آﺅٹ نہیں ہوئے انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، تلکرتنے دلشان نے 51 رنز بنائے۔ پیر کو یہاں ایڈیلیڈ اوول میں سری لنکا کے کپتان مہیلا جائے وردنے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، آسٹریلوی ٹیم سری لنکن پیسرز کو اعتماد کے ساتھ نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 170 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی، وکٹ کیپر بلے باز بریڈ ہیڈن 50 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، ایرن فنچ 4 ، فلپ ہیوز 3 ، کپتان جارج بیلی 26 ، ڈیوڈ ہسی29 ، سٹیون سمتھ 8 ، گلین میکسویل 8 ، بین کٹنگ 27 ، کین رچرڈ سن صفر اور کلنٹ میک کائے 4 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے، زیویر دوہرٹی 5 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے لاستھ مالنگا سب سے کامیاب باﺅلر رہے انہوں نے 32 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، تھسرا پریرا اور اینجلو میتھیوز نے دو، دو جبکہ نوان کلا سیکرا اور اجنتھا مینڈس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکا نے ہدف اکتالیسویں اوور میں دووکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، سری لنکا کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں گر گئی جب اپل تھرنگا بغیر کوئی رن بنائے کلنٹ میک کائے کی گیند پر وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ اس موقع پر تلکرتنے دلشان اور لاہیرو تھریمانے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 141 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے، دلشان 51 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد بین کٹنگ کی گیند پر گلین میکسویل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ اس کے بعد تھریمانے اور جانتھ پریرا نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور اپنی ٹیم کو 8وکٹوں سے کامیابی دلا دی، لاہیرو تھریمانے نے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے شامل تھے، جانتھ پریرا 14 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے، کلنٹ میک کائے اور بین کٹنگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ای پیپر-دی نیشن