• news

طاہرالقادری کا لانگ مارچ عوام کو حقوق دلانے کیلئے نہیں: برجیس طاہر

سانگلا ہل (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ ن لیبر ونگ کے مرکزی راہنما چوہدری برجیس طاہر ایم این اے اور چوہدری طارق محمود باجوہ ایم پی اے نے کہا ہے کہ مولانا طاہرالقادری کا لانگ مارچ عوام کو حقوق دلانے کیلئے نہیں بلکہ ملک میں افراتفری، فتنہ اور فساد فی الارض کےلئے ہے، مولانا طاہرالقادری ملک دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں جو پاکستان اور جمہوریت کے خلاف بے مقصد لانگ مارچ جیسے اقدام سے سادہ لوح عوام کو جھانسہ دے رہے ہیں، پاکستان کا روشن مستقبل آئین کی پاسداری، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت پر کاربند رہنے میں ہے اور تمام ادارے اور پوری قوم اس پر متفق ہے،وہ اپنے رابطہ دفتر میںصحافیوں سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر صوبائی جوائنٹ سیکرٹری میاں اعظم شریف ایڈووکیٹ،چوہدری ذوالفقار علی باجوہ اور محمد عمران بوبک بھی موجود تھی،چوہدری برجیس طاہر نے مزید کہا کہ ماضی میں عوام کے حق رائے دہی پر شب خون مارنے کیلئے کبھی اسلامی جمہوریت، کبھی حقیقی جمہوریت اور کبھی احتساب کا نام لیا گیا، اب جبکہ پوری قوم ووٹ کی طاقت سے اپنا فیصلہ دینے کیلئے پرعزم ہے تو ایسے میں اصلاحات کا ڈرامہ رچا کر افراتفری پھیلانے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے، چوہدری طارق محمود باجوہ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے اس سازش کی تکمیل کیلئے مولانا طاہرالقادری کو پاکستان بھیجا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن