ججز تقرری کیس‘ فیصلہ پر عملدرآمد‘ صدر‘ وزیراعظم اور وزیر قانون سے جواب طلب
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دو ججز کے تقرر سے متعلق عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد نہ ہونے کی بناءپر صدر اور وزیراعظم، وزیر قانون کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر اٹارنی جنرل کو حکومت کی جانب سے جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔ جسٹس خلجی عارف حسین کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے سوموار کے روز ندیم احمد ایڈوکیٹ کی توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم نے عدالت کی جانب سے 21 دسمبر کو فیصلہ جاری ہونے کے باوجود فاضل ججز کی تقرری کا نوٹیفیکشن جاری نہ کر کے سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے جسٹس خلجی عارف حسین نے ریمارکس دیئے کہ ججزکی تقرری سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ آنا ابھی باقی ہے ابھی عدالت نے عبوری حکم نامہ جاری کےا ہے۔