دبئی کبڈی کپ، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 17 جنوری سے شروع ہوگا
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام دبئی کبڈی کپ کی تیاری کےلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 17 جنوری سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری محمد سرور کے مطابق کیمپ کےلئے 20 کھلاڑیوں کو مدعو کیا ہے اور انہیں کوچ جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دیں گے۔ محمد سرور نے کہا کہ مذکورہ تربیتی کیمپ 10 جنوری سے شروع ہونا تھا تاہم لانگ مارچ کے باعث اسے 6 دن کےلئے ملتوی کردیا گیا۔ واضح رہے کہ دبئی کبڈی کپ 7 سے10 فروری تک شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوگا اور ایونٹ میں پاکستان، بھارت، کینیڈا، ایران، امریکہ اور متحدہ عرب امارت کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔