• news

دوسرے ٹیسٹ میں بھی نیوزی لینڈ کو شکست‘ سیریز جنوبی افریقہ نے جیت لی


پورٹ الزبتھ (اے پی پی) جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 193 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی۔ جنوبی افریقہ نے 2008ءکے بعد پہلی بار کسی بھی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا۔ پروٹیز باﺅلرز نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی کیوی بلے بازوں کو لمبی اننگز کھیلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 211 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ بی جے واٹلنگ 63، ڈین براﺅنلی 53 اور مارٹن گپٹل 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ڈیل سٹین نے 3 مورنے مورکل، روری کلین ویلڈت اور روبن پیٹرسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز 525 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ پیر کے روز پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 157 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈین براﺅنلی 44 اور بی جے واٹلنگ 41 رنز پر کھیل رہے تھے، جیک کیلس نے ڈین براﺅنلی کی وکٹ لیکر اہم پارٹنرشپ توڑی، دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 98 رنز بنے، براﺅنلی 53 رنز بنا سکے، 203 کے مجموعی رنز پر کیوی ٹیم کی چھٹی وکٹ گری جب کولن منرو مورنے مورکل کی گیند کا شکار بنے، اگلے ہی اوور میں ڈیل سٹین نے بی جے واٹلنگ کو کلین بولڈ کر دیا وہ 63 رنز بنا پائے، اس کے بعد کیوی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 211 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ڈگ بریسول صفر، نیل واگنر 4 اور ٹرینٹ بولٹ 3 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ ڈیل سٹین نے تین جبکہ مورنے مورکل، روری کلین ویلڈت اور روبن پیٹرسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جیک کیلس نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن