کھلاڑی جنوبی افریقہ کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے: انضمام
لاہور (این این آئی) سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اور سیکھنے کے مرحلے سے گزر رہی ہے، کھلاڑی جنوبی افریقہ کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔ عرفان اور جنید خان جنوبی افریقہ کیلئے بھیمشکلات پیدا کرینگے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بورڈ حکام کی درخواست پر 6 دن کیلئے کیمپ جوائن کیا تھا، جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز اور دیگر مقابلوں کیلئے آئندہ ہفتے حکام سے ملاقات کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ پروٹیز آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کو ہرا کر اپنی صلاحیتیں منوا چکے ہیں جبکہ ہماری ٹیم نوجوانوں پر مشتمل اور سیکھنے کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہاں جیتنا ناممکن ہے تاہم یہ ایک مشکل سیریز ہو گی، جب قومی ٹیم میں سینئرز ہوتے تھے تب بھی ہمارے کھلاڑیوں کو وہاں سخت پریشانی پیش آتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی بدقسمتی ہے کہ اسے مختلف ماحول میں کھیلنے کے مواقع نہیں مل رہے۔ انہوں نے عرفان اور جنید خان کو قومی ٹیم کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کیلئے بھی مشکلات پیدا کرینگے، عرفان نے اپنے قد کی وجہ سے متاثر کیا مگر اسے اپنی فٹنس پر توجہ دینا ہو گی۔