• news

بلوچستان میں گورنر راج کا نفاذ: کراچی سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاﺅ ‘ سرمایہ کاری میں 4 ارب 32 کروڑ سے زائد اضافہ

کراچی + لاہور (مارکیٹ رپورٹر + کامرس رپورٹر) کراچی سٹاک ایکسچینج میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیر کے روز شدید مندی کے بعد کاروبار میں استحکام پائے جانے سے کے ایس ای 100 انڈیکس 1.53 پوائنٹس کی کمی پر 16633.18 پر پہنچ گیا، سرمایہ کاری مالیت میں 4 ارب 32 کروڑ روپے سے زائد اضافے کے باعث کاروبار میں استحکام رہا۔ تفصیلات کے مطابق ابتدائی اوقات میں کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات پر کے ایس ای 100 انڈیکس 121 پوائنٹس گر کر 16513 پر بند رہا، بعدازاں دوپہر 12 بجے کے بعد کوئٹہ میں 2 ماہ کیلئے گورنر راج نافذ ہونے کی اطلاع پر مارکٹ اختتام پر انڈیکس 1.53 پوائنٹس کم ہو کر 16633.18 پر آگیا، جس کے باعث سرمایہ کاروں نے بیشتر حصص کی کم داموں خرید و فروخت کرکے اسے اگلے روز کی تیزی پر حاصل کرے، سرمایہ کاری میں 4 ارب 32 کروڑ 99 لاکھ 585 روپے کے اضافے پر مجموعی سرمایہ کاری مالیت بڑھ کر 41 کھرب 72 ارب 80 کروڑ 46 لاکھ 33 ہزار 993 روپے تجاوز کرگئی۔ مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار 287 کمپنیوں تک رہا، اس میں 124 کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ، 133 میں کمی اور 30 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز مندی رہی، مجموعی طور پر98 کمپنیوں کا کاروبار ہوا، 12 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ،15 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 71 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 5 انڈیکس 16.88 پوائینٹس کی کمی کے ساتھ 3928.99 پر بند ہوا، مارکیٹ میں کل 19 لاکھ 35 ہزار 400 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ روز 17 لاکھ 47 ہزار حصص کا لین دین ہوا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن