گیس چوری میں اضافہ، کمپنیوں نے بوجھ صارفین پر ڈالنا شروع کر دیا
اسلام آباد (آئی این پی) ملک بھر میں گزشتہ چار سال کے دوران گیس کی چوری تین گنا بڑھ گئی‘ گیس چوری میں سی این جی مالکان‘ آئرن اینڈ سٹیل ملز‘ بڑے بڑے ہوٹل اور ریسٹورنٹ شامل ہیں جبکہ سوئی سدرن اور سوئی ناردرن گیس کمپنیاں گیس چوری کا سرچارج گھریلو صارفین سے وصول کر رہی ہیں۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے ذرائع کے مطابق 2009ءسے 2012ءتک ملک بھر میں گیس کی چوری میں تین گنا اضافہ ہوا جوکہ 3.5 فیصد سے بڑھ کر 9 فیصد ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق دونوں گیس سپلائی کمپنیوں نے گزشتہ دنوں گیس چوروں کی فہرستیں ان کے خلاف کارروائی کی اجازت کیلئے وزارت پٹرولیم کو بھجوائیں لیکن مذکورہ فہرستوں میں بعض اہم ترین سیاسی و غیرسیاسی شخصیات کے نام ہونے کی وجہ سے سوئی سدرن‘ سوئی ناردرن گیس کمپنیوں کے حکام کو گیس چوروں کے خلاف کارروائی مو¿خر کرنے کی ہدایت کی گئی۔