لانگ مارچ: اسلام آباد میں دوسرے روز بھی کاروبار، سفارتخانے بند رہے
اسلام آباد (آئی این پی+این این آئی) تحریک منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری کے لانگ مارچ کے دوسرے روز ہرطرح کا کاروبار ،تعلیمی ادارے اور بیشتر سفارتخانے بند رہے۔ شہر کے سب سے بڑے کاروباری اور تجارتی مرکز بلیو ایریا میں نہ صرف واقع ہر طرح کا کاروبار بلکہ سینکڑوں دفاتر بھی بند رہے۔ شہر بھر میں جناح ایونیو کے علاوہ تمام بڑی سڑکیں ویران اور سنسان نظر آرہی تھیں۔ امریکہ ، برطانیہ سمیت بیشتر ممالک کے سفارت خانے بھی دوسرے روز بند رہے، ریڈ زون میں واقع پاک سیکرٹریٹ میں وفاقی وزارتوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس ، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ ،ایوان صدر ، ایف بی آر سمیت تمام اہم دفاتر میں کام نہ ہونے کے برابر تھا۔ صرف سپریم کورٹ کی عمارت میں معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت ہوئی۔ اس وجہ سے کئی اداروں میں طے شدہ امتحانات بھی نہ ہوسکے۔ بلیو ایریا کی کاروباری سرگرمیاں منگل کو بھی مکمل طور پر معطل رہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے دھرنے کے باعث دارالحکومت کو کروڑوں روپے کے نقصان برداشت کرنا پڑے۔ پٹرول پمپس بند رہے۔ سکیورٹی خدشے کے پیش نظر بینکس، اے ٹی ایم مشینیں اور زیورات کی دکانوں کو خالی کرا لیا گیا۔