کنٹرول لائن : بھارتی فوج کی پاکستانی چوکی پر فائرنگ ‘ لانس نائیک شہید
راولپنڈی + اسلام آباد (وقت نیوز + سٹاف رپورٹر) آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر خلاف ورزی کی گئی۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے کنڈی چوکی پر لانس نائیک اشرف شہید ہو گئے۔ انہوں نے بیوہ اور 3 بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی ہاٹ سپرنگ اور جندروٹ سیکٹر پربلااشتعال فائرنگ کی۔ فائرنگ رات 10 سے 11 بجے کی گئی جس سے کنڈی پوسٹ پر لانس نائیک اشرف شہید ہو گئے۔ علاوہ ازیں طاہر القادری کے دھرنے میں الجھی پاکستانی قیادت کنٹرول لائن کی صورتحال کے بارے میں بھارتی قیادت کے مسلسل جارحانہ رویہ کا جواب دینے سے قاصر ہے۔ بھارت کے آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ نے دو روز پہلے دھمکی دی کہ وہ پسند کے وقت اور مقام پر پاکستان کو جواب دینگے لیکن فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ منگل کے روز بھارت کے وزیر اعظم من موہن سنگھ نے رہی سہی کسر پوری کرتے ہوئے کہ دیا کہ اب پاکستان کے ساتھ پہلے جیسے تعلقات ممکن نہیں رہے۔ دفتر خارجہ نے ان بیانات کا نوٹس لینے کے بجائے خوردبین سے ڈھونڈ کر بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کے ایک تازہ بیان میں مثبت پہلو تلاش کر ہی لیا اور ان کے بیان کا خیر مقدم کیا۔