جمہوریت کیخلاف سازش ناکام بنا دیں گے‘ قومی مجرموں کو تاریخ معاف نہیں کر ے گی : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کسی طالع آزما کی طرف سے اس کی ہوس اقتدار پوری کرنے کے لئے جمہوری نظام میں نقب لگانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم نے جنرل مشرف کی آمریت اور اس کے بعد ایک کرپٹ حکومت کی بدعنوانیوں کا مسلسل 13 سال تک سامنا کیا اور اب جبکہ عام انتخابات کے ذریعے عوام دوست، دیانتدار اور قومی امنگوں کی علمبردار حکومت کے قیام کے امکانات واضح ہو رہے ہیں تو بعض عناصر پرچی کے ذریعے تبدیلی کا راستہ روکنے کی خاطر پورے نظام کو تباہ کرنے کے لئے نکل کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کی حکومت کی بلامشروط حمایت کرنے اور موجودہ حکومت کے دوران عوام کو لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری کے عذاب جھیلنے کیلئے تنہا چھوڑ کر دیار غیر میں جا بسنے والے آج کس منہ سے عوام کے مسائل کی بات کرتے ہیں؟ ہم نے پاکستان کے ہر فورم پر حکمرانوں کی کرپشن کا پردہ چاک کیا اور بدعنوان حکمرانوں کو باآواز بلند للکارا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی باتوں اور تقریروں کے ذریعے نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے آتی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ نام نہاد انقلاب کے نام پر انتخابات کا راستہ روکنے کی کوشش کرنے والے مسلم لیگ (ن) اور اس کے قائد محمد نوازشریف کی کامیابی سے خائف ہیں لیکن یہ کامیابی اب نوشتہ دیوار بن چکی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام غیر منتخب حکومتوں کے ہاتھوں پہلے ہی بہت زخم کھا چکے اور جمہوریت کی گاڑی کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کرنے والے قومی مجرم ہیں اور تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ محمد شہباز شریف نے سوال کیا کہ مخصوص مفادات اور مشکوک ایجنڈے کا حامل کوئی گروہ یا اجتماع 18 کروڑ عوام کی قومی امنگوں اور پاکستان کے روشن مستقبل کو کیسے یرغمال بنا سکتا ہے؟