پاکستان میں سکیورٹی کا مسئلہ نہیں‘ غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل میں شرکت کریں: ہارون لورگٹ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق چیف ایگزیکٹو اور پاکستان سپر لیگ کے ایڈوائزر ہارون لورگٹ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل بہت سودمند ہے اور جلد ٹاپ غیرملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد اس میں شرکت کی خواہش مند ہوگی۔ یو اے ای کے اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ جس طرح مشہور ہو چکی ہے اسے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ پاکستان 18 کروڑ کی آبادی کا ملک ہے جہاں کرکٹ سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں۔ غیرملکی کھلاڑیوں کو اس لیگ میں ضرور شرکت کرنی چاہئے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان میں سکیورٹی اور حفاظت کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی کے حوالے سے جو اقدامات کئے ہیں انہیں بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ میں حالیہ دنوں میں پاکستان کے کئی دورے کر چکا ہوں خاص طور پر لاہور ایک محفوظ شہر ہے جہاں پر کرکٹ کے مقابلے بھی جاری ہیں۔ اگر اس شہر میں پاکستان سپر لیگ کا انعقاد ہوتا ہے تو پاکستان کی طرف سے سکیورٹی کے اچھے انتظامات دیکھنے کو ملیں گے۔ پاکستان میں کرکٹ کا بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کی وجہ پاکستان میں بین الاقوامی سطح پر آنے والا ہر کھلاڑی بڑی محنت سے تلاش کیا جاتا ہے اور نئے ٹیلنٹ کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کا اکیڈمی سسٹم بھی بڑا مضبوط ہے جہاں نوجوان کھلاڑیوں کی اچھی تربیت دی جاتی ہے۔ ہارون لورگٹ نے کہا کہ آئی سی سی کے عہدہ سے جب ریٹائر ہوا تھا کہ میں نے اعلان کیا تھا کہ میری خدمات حاضر ہیں کوئی بھی کرکٹ نیشن اگر میرے تجربہ سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے تو میں اس کے لئے دستیاب ہوں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی لیگ کرکٹ کے لئے میری خدمات حاصل کی ہیں، میری نظر میں دنیا کرکٹ کے کئی نامور کھلاڑی اس وقت پاکستان لیگ کا حصہ بننے جا رہے ہیں جلد ان تمام کے نام منظرعام پر آ جائیں گے۔