• news

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ: پاکستانی کھلاڑیوں کی عدم شمولیت سے ٹیمیں پوری کرنا مشکل ہو گیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر+این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ دورہ پاکستان کی یقین دہانی تک پی سی بی کرکٹرز کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کےلئے این او سی جاری نہیں کرے گا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہے۔ لیگ کے آغاز میں صرف 3دن باقی رہ گئے ہیں تاہم پی سی بی نے اب کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کیا۔ پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو واضح کر دیا ہے کہ دورہ پاکستان کی یقین دہانی تک کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کیا جائیگا۔ کئی پاکستانی کرکٹرز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آرگنائرز کی طرف سے آنے والی متعدد فون کالز میں لیگ کھیلنے کیلئے راضی کرنے کی کوشش کی جاتی رہی، فوری طور پر ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے بھی کہا گیا، مقابلوں میں شرکت اچھا تجربہ ثابت ہو سکتی ہے مگر اپنے ملکی مفادات اور بورڈ کی پالیسی کو نظرانداز کرکے بنگلہ دیش نہیں جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے22 کھلاڑیوں کی عدم شمولیت پی بی ایل کو بے رونق بنا دے گی لیکن بی سی بی نے کوئی مثبت پیشرفت کرنے کے بجائے تاخیری حربوں سے معاملات کوالجھا دیا۔ ڈھاکہ گلیڈی ایٹر کے مالک سلیم چوہدری کی ہمنوائی کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی سی بی نے ابھی تک پاکستانی کرکٹرز کی شمولیت کی ضمانت نہیں دی، اس صورتحال میں بعض فرنچائزز کیلئے ٹیمیں پوری کرنا بھی مشکل ہوگیا۔ سلیم چوہدری کے مطابق میدانوں کی کمی، ہوٹلز بکنگ اور پلیئرز کی آمد میں تاخیر کے سبب پریکٹس سیشن شروع نہیں ہو سکے۔ دوسری طرف گورننگ کونسل کے سیکرٹری اسماعیل حیدر ملک نے کہا کہ اگرچہ پاکستانی کھلاڑیوں کی آمد کے لئے زیادہ وقت باقی نہیں لیکن امید ہے کہ وہ شریک ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن