سری لنکا : نئے چیف جسٹس نے حلف اٹھا لیا‘ وکلا نے بندرانائیکے کا مواخذہ چیلنج کر دیا
کولمبو(اےن اےن آئی)سری لنکن صدر مہیندا راجا پاکسے نے سپریم کورٹ کی سابق چیف جسٹس شیرانی بندرا نائیکے کے مواخذے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے نئے چیف جسٹس نامزدکردےاتاہم حکومت نے نئے چیف جسٹس کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ صدر کے دفتر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ صدر نے نیا چیف جسٹس نامزد کر کے جو کچھ بھی کیا، وہ سب کچھ ملکی آئین کے عین مطابق ہے۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر راجا پاکسے نے کہا، ہو سکتا ہے کہ ہمارے ریاستی آئین میں بھی نقائص ہوں۔ لیکن ہمیں آئین کا احترام تو کرنا ہی پڑتا ہے۔ سری لنکن پارلیمنٹ کے ہاتھوں خاتون چیف جسٹس شیرانی بندرا نائیکے کے مواخذے کی سرکاری کارروائی مکمل ہو گئی ہے تاہم وکلا برادری نے ایک بار پھر اپنے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ بندرا نائیکے کے مواخذے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے اور ملک میں ایک آزاد اور خود مختار عدلیہ کے لیے اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔ احتجاجی وکیلوں نے کہا تھا کہ سابقہ چیف جسٹس بندرا نائیکے کو دانستہ طور پر نشانہ بنا کر ان کا پارلیمانی مواخذہ کیا گیا ہے۔ سری لنکن وکلا کی تنظیم کے ترجمان جے سی ویلیا مونا نے کولمبو میں صحافیوں کو بتایا کہ وکلا برادری شیرانی بندرا نائیکے کے بدنیتی پر مبنی مواخذے کو تمام قانونی راستے اختیار کرتے ہوئے چیلنج کرے گی۔