سکون کا سانس‘ وزیراعظم بیٹے کی بارات لے کر مقامی ہوٹل گئے
اسلام آباد (عترت جعفری) محصور اسلام آباد میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے دھرنا سے ایک ڈیڑھ کلو میٹر دور پی ایم ہا¶س میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف‘ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن‘ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سمیت دوسری پوزیشن جماعتوں کے قائدین کی مشترکہ پریس کانفرنس پر سکون کا سانس لیا گیا۔ وزیراعظم جو دو روز سے کھلی فضا میں نہیں آئے تھے رات کو خوشی خوشی اپنے بیٹے شاہ رخ کی بارات لے کر مقامی فائیو سٹار ہوٹل گئے۔ شادی کی تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار مہتاب احمد خان اور دیگر سیاسی شخصیات بھی موجود ہیں۔ شاہ رخ کا ولیمہ جمعہ کو وزیراعظم ہا¶س میں ہو گا۔ وزیراعظم کے ساتھ گذشتہ روز مسلم لیگ (ق) کے قائد چودھری شجاعت حسین نے ملاقات کی تھی جس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے دھرنا سے پیدا شدہ صورتحال پر صلاح مشورہ کیا گیا۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم سے ملاقات میں بعض وفاق وزرا کے بیانات پر تحفظات کا اظہار کیا تاہم وزیراعظم نے چودھری شجاعت سے کہا کہ انہیں طاہرالقادری کے لانگ مارچ سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے چودھری شجاعت کی کوششوں پر اعتماد ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے مسلم لیگ (ق) کے قائد ممکنہ طور پر ایک بار پھر ڈاکٹر طاہرالقادری اور حکومت کے درمیان رابطہ کا باعث بن سکتے ہیں کیونکہ وفاقی حکومت طاقت کے استعمال سے گریز کرنا چاہتی ہے۔