پاکستان میں جمہوری عمل کی حمایت کرتے ہیں: امریکہ، برطانیہ
لندن (نوائے وقت نیوز) برطانیہ کے دفتر خارجہ نے پاکستان میں تازہ ترین سیاسی صورتحال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی حکومت پاکستان میں جمہوریت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ عوام کے ذریعے سامنے آنے والے منتخب نمائندے پاکستان کے بہترین مفاد میں ہیں۔ پاکستان میں عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔ انتخابات غیر جانبدار الیکشن کمشن کے مطابق نگران سیٹ اپ کی موجودگی میں ہونے چاہئیں۔ دریں اثناءامریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں قانون اور آئین کے مطابق جمہوری عمل کی حمایت کرتے ہیں، ہم کسی فرد یا پارٹی کو سپورٹ نہیں کرتے اور پاکستان میں بروقت الیکشن کے منتظر ہیں۔برطانیہ پاکستان کے آئین کا مکمل احترام کرتا ہے، مستحکم اور محفوظ پاکستان چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی حمایت نہیں کر رہے۔ پاکستانی سیاست میں عمل دخل نہیں کرتے، ڈاکٹر طاہر القادری سمیت کسی کی بھی مہم میں شریک نہیں ہیں۔