• news

صدر دبئی نہیں جا رہے، ہر صورت حال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں:فرحت اللہ بابر

کراچی (سٹاف رپورٹر+ این این آئی) اسلام آباد میں لانگ مارچ کا پڑاﺅ اور سپریم کورٹ کے رینٹل پاور کیس فیصلے کے باوجود صدر زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد جانے کے بجائے فی الحال کراچی میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے آصف زرداری کی مزید چند دن کراچی میں رکنے کی تصدیق کی ہے۔ فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ صدر اپنے شیڈول کے مطابق اسلام آباد جائیں گے، لانگ مارچ کے شرکاءیا کسی اور کی اسلام آباد میں موجودگی سے ان کے شیڈول پر کوئی فرق نہیں پڑتا تاہم انہوں نے کہا کہ صدر زرداری لانگ مارچ اور سپریم کورٹ کی وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو گرفتار کرنے کی ہدایات سے جڑے معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر قانون فاروق ایچ نائک نے صدر کو تمام صورتحال اور اس کے ممکنہ اثرات سے تفصیلی طور پر آگاہ کر دیا ہے جس کے بعد اب صدر اتحادیوں سے جلد ہی مشاورت کریں گے۔ فرحت اللہ بابر نے ایسی اطلاعات کو مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ غیر یقینی سیاسی صورتحال سے بچنے کے لئے صدر جلد ہی دبئی چلے جائیں گے۔ صدر کہیں نہیں جا رہے اور وہ ہر قسم کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صدر نے حکومت کے وقت پر انتخابات کے عہد کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں کسی بھی وجہ سے تاخیر نہیں ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن