• news

عمران ”علامہ کینیڈی“ کے ساتھی ہیں، مشاورتی اجلاس میں نہیں بلایا تھا: مسلم لیگ (ن)

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کے بلائے گئے سیاستدانوں کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مدعو نہیں کیا گیا تھا اس حوالے سے جب مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ یہ اجلاس مختلف رہنماﺅں کے درمیان گذشتہ کچھ عرصے سے جاری مشاورتی عمل کا تسلسل تھا جس میں موجودہ ملکی صورت حال کا جائزہ لیا گیا بالخصوص الیکشن 2013ءکے مختلف پہلوﺅں پر غور کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران خان ہمارے مشاورتی عمل کا حصہ نہیں بلکہ وہ ”علامہ کینیڈی“ کے ساتھی ہیں۔ اس لئے انہیں نہیں بلایا گیا۔ دوسری جانب آئی این پی کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا کوآرڈی نیٹر رضوان چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی پارٹی کے طے شدہ اجلاس کے باعث مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف کی لاہور میں اپوزیشن جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی دعوت پر شریک نہیں ہو سکے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے پی ٹی آئی کے سربراہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن وہ لاہور میں اپنی پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے پہلے سے طے شدہ اجلاس کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔ پی ٹی آئی کا اجلاس پہلے سے طے شدہ تھا۔

ای پیپر-دی نیشن