• news

چیئرمین نیب نے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات سے انکار کر دیا: ذرائع

اسلام آباد(آئی این پی )نیب کے چیئرمین ایڈمرل(ر) فصیح بخاری نے کراچی سے اسلام آباد پہنچنے کے بعد وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات سے انکار کردیا۔بدھ کو نجی ٹی وی نے نیب ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایڈمرل(ر) فصیح بخاری جو گزشتہ روز وزیراعظم کے خلاف فیصلہ آنے کے وقت کراچی میں تھے جب کراچی سے واپس اسلام آباد آئے تو وزیراعظم کے قریبی حلقوں کی طرف سے ان کو وزیراعظم سے فوری ملاقات کا پیغام پہنچایا گیا تاکہ مسئلے کا حل نکالا جاسکے تاہم چیئرمین نیب نے واضح کردیا کہ میں رینٹل پاور پراجیکٹ سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں داخل کروانے تک وزیراعظم سے ملاقات نہیں کرسکتا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نے اسلام آباد واپسی کے فوری بعد نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب کے اعلیٰ حکام کے اجلاس کی صدارت کی جس میں سپریم کورٹ کی طرف سے رینٹل پاور کیس میں وزیراعظم سمیت سولہ افراد کی گرفتاری کے فیصلہ پر عمل درآمد کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن