• news

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے 15 فروری تک وضاحت طلب کر لی‘ کوشش ہے پاکستان کی کھیلوں پر پابندی نہ لگے: عارف حسن

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے کہا ہے کہ حکومت مداخلت کے حوالے سے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے 15 فروری کو وضاحت طلب کر لی ہے۔ پاکستان کی کھیلوں پر پابندی نہ لگے اس کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستانی کھیلوںکے حوالے سے پیدا شدہ صورتحال کے متعلق آئی او سی پل پل سے باخبر ہے۔ اولمپک ہاوس لاہور میں پی او اے ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے عارف حسن کا کہنا تھا نیشنل گیمز 2014ءمیں ہونگی جس کی میزبانی کا فیصلہ جنرل کونسل اجلاس میں اتفاق رائے سے کیا جائے گا ابھی تک دو صوبوں کی جانب سے میزبانی کی پیش کش کی گئی ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے تاحال منٹس جاری نہیں ہو سکے ہیں جب ہونگے تو اگلا لائحہ عمل سوچیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نیشنل گیمز 2012ءمیں شرکت نہ کرنے والی کھیلوں کی تنظیموں کا معاملہ پی او اے ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کر دیا ہے جو جنرل کونسل کے اجلاس تک اس پر اپنا ہوم ورک مکمل کرئے گی۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے ہونے والے تمام ایشوز سے باخبر ہے، ہماری خواہش ہے کہ 15 فروری کو آئی او سی کی ہونے والی میٹنگ میں پاکستان سپورٹس بورڈ/ حکومتی نمائندہ بھی شرکت کرئے۔ جہاں تک پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے اجلاس کی بات ہے اس میں چند ایک تنظیموں نے شرکت کی ہے جبکہ کھیلوں کی زیادہ تر تنظیموں نے اس اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔ نیشنل گیمز کوئی اور ادارہ نہیں کرا سکتا اگر حکومت یا پاکستان سپورٹس بورڈ کو گیمز کرانے کا شوق ہے تو وہ اسے ضرور پورا کر لے لیکن ان گیمز کو نیشنل گیمز کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے اصل نقصان کھلاڑیوں کا ہو رہا ہے۔ عارف حسن کا کہنا تھا کہ 12 فروری کو جنرل کونسل اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے متعلق آئی او سی کو بھی آگاہ کیا جائیگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن