• news

طاہر القادری کا الیکشن کمشن تحلیل کرنے کا مطالبہ غیر آئینی ہے:رضا ربانی

کراچی (نوائے وقت نیوز)سینیٹر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رضا ربانی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری آئین کے نام پر غیر آئینی اقدام کی ترغیت دے رہے ہیں۔ سینیٹر رضا ربانی نے سندھ ہائی کورٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طاہر القادری کا الیکشن کمیشن کی تحلیل کا مطالبہ غیر آئینی ہے، الیکشن کمیشن آرٹیکل 213 اور 218 کے تحت وجود میں آیا، آرٹیکل 13 الیکشن کمیشن کے کسی فرد کو ہٹانے کیلئے طریقہ کار طے کرتا ہے، اٹھارہویں ترمیم کے بعد آرٹیکل 63 کے مطابق کسی شخص کے صالح اور نیک ہونے کی تشریح اب عدالت کا کام ہے، اب صرف عدالت ہی بتا سکتی ہے کون صالح ہے اور کون نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت میں تمام سٹیک ہولڈر کی مشاورت کا مطالبہ بھی غیر آئینی ہے، آرٹیکل 224 اے کے تحت عبوری حکومت بنانے کا طریقہ کار واضح ہے، فوج اور عدلیہ کو شامل نہیں کیا جاسکتا، آرٹیکل 245 کے تحت آرمڈ فورسز کے لوگ حلف اٹھاتے ہیں کہ وہ سیاسی کاموں میں حصہ نہیں لے سکتے۔ عبوری حکومت کی تشکیل کیلئے آئین کے مطابق عدلیہ سے مشاورت بھی نہیں ہوسکتی۔

ای پیپر-دی نیشن