غیر آئینی مطالبات کرنیوالوں سے حکومت کو خطرہ نہیں‘ مدت پوری کرینگے: زرداری
کراچی(این این آئی) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کسی کے احتجاج یا دھرنے سے حکومت جانے والی نہیں ہے اور نہ ہی کسی کے غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی مطالبات تسلیم کئے جائینگے، مطالبات کرنےوالے پہلے جمہوری انداز میں انتخابات میں حصہ لیں حکومت آئین کے مطابق اپنی مدت پوری کرے گی اور آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد کئے جائیں گے۔ وہ بدھ کو (ق) لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندر یار ولی خان سے فون پر گفتگو کررہے تھے۔ڈاکٹر طاہر القادری کے دھرنے پر تفصیلی مشاورت کی۔ صدر کو چوہدری شجاعت حسین نے ڈاکٹر طاہر القادری سے ہونے والی بات چیت پر بریفنگ دی۔ صدر نے ق لیگ کے سربراہ کو مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔