سرحدی صورتحال کے پیش نظر قومی قیادت تدبر کا مظاہرہ کرے: فضل کریم
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ نازک سرحدی صورتحال کے پیش نظر قومی قیادت تدبر کا مظاہرہ کرے، غیریقینی صورتحال کے خاتمے کے لیے انتخابات کا اعلان کیا جائے، جلاﺅ، گھیراﺅ اور ٹکراﺅ کی بجائے ہوش مندی اور مذاکرات سے معاملات کو سلجھایا جائے، آئین کی شق 62 اور 63 پر عمل کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔ انتخابی اصلاحات کے لیے سپریم کورٹ کے 8 جون 2012 کے فیصلے پر عمل یقینی بنایا جائے، معزز چوروں نے ملک کا خانہ خراب کر دیا ہے، انقلاب کے نام پر قوم سے انتخاب کا حق نہیں چھیننا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کی تازہ صورتحال پر مختلف قومی راہنماﺅں اور پارٹی عہدیداروں سے رابطوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جبکہ صاحبزادہ فضل کریم نے ملک کی تازہ سیاسی صورتحال اور سرحدوں پر بڑھتی کشیدگی پر غور کے لیے سنی اتحاد کونسل کا اعلیٰ سطحی اجلاس آج مرکزی دفتر گلبرگ لاہور میں طلب کر لیا ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے رہنماﺅں حاجی حنیف طیب، صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی، پیر فضیل عیاض قاسمی اور دیگر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ اور پاک فوج کے جوانوں کی شہادت کا نوٹس لے، بھارت کے جنگی جنون سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔