چیف جسٹس، آرمی چیف طاہر القادری کا دھرنا ختم کرائیں، اسلام آباد چیمبر آف کامرس
اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری نے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا دھرنا ختم کرائیں کیونکہ اس سے تاجر برادری اور ملک کو روزانہ اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے ، کراچی سٹاک ایکسچینج 503پوائنٹ گرنے سے سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے، ڈاکٹر طاہرالقادری سے بھی استدعا ہے کہ ملک کے معاشی مفاد کی خاطر دھرنا ختم کردیں یا پھر اس کو ایف نائن پارک منتقل کر دیں۔ ” آئی این پی“ کودیئے گئے انٹر ویوانہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا وفد ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کے لئے وقت لینے کی کوشش کررہا ہے ۔ ملک میں مسلسل غیریقینی سیاسی صورتحال کی وجہ سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ سرمایہ کار اپنا سرمایہ کراچی سٹاک ایکسچینج سے دبئی اور ممبئی سٹاک ایکسچینج میں منتقل کررہے ہیں ۔ تاجربرادری کو لانگ مارچ اور دھرنے کی وجہ سے روزانہ اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے ۔ جب تک یہ دھرنا موجودرہے گا تاجربرادری کوروزانہ اربوں روپے کا نقصان ہوتا رہے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری سے درخواست کرتے ہیں کہ ملک کے بہترین معاشی مفاد میں اور تاجربرادری پر رحم کرتے ہوئے براہ مہربانی دھرنا ختم کرکے شرکاءکو گھروں کوواپس جانے کی ہدایت کریںجبکہ حکومت سے بھی ہماری درخواست ہے کہ دھرنا ختم کرانے کےلئے علامہ طاہرالقادری سے مذاکرات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت دھرنا ختم نہیں کراسکتی تو کم از کم دھرنے کا ایف نائن پارک میں منتقل کیاجائے جناح ایونیو پر مسلسل دھرنے اور شرکاءکی آمدورفت کی وجہ سے اسلام آباد میں کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے جس سے تاجربرادری کو روزانہ اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔ لانگ مارچ سے قبل وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تاجرتنظیموں کے وفد کو یقین دلایاتھا کہ علامہ طاہرالقادری کے لانگ مارچ کو اسلام آباد داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ برعکس اسکے جب لانگ مارچ اسلام آباد پہنچا تو حکومت نے تاجربرادری سے مشاورت کئے بغیر انہیں دارالحکومت میں داخلے کی اجازت دے دی جس سے تاجر برادری کو شدید مایوسی ہوئی۔