ملک لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے: سلیم بل
شیخوپورہ(نامہ نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری محمد سلیم بل نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کوخوش آئند قرار دےتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے اور لوٹنے والے چوروں اوربے ایمانوں کا احتساب ہونا چاہیے ، سپریم کورٹ کافیصلہ پاکستان کے حق میں ہے، ملک میں ریت رہی ہے کہ سیاست دان خود آکر فوج کو مداخلت کی دعوت دیتے ہیںمگر اب اس سلسلہ کو ترک کرنا ہوگا، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سلیم بل نے کہا کہ پاکستان کے عوام کسی طالع آزماکی طرف سے اس کی ہوس اقتدار پوری کرنے کے لئے جمہوری نظام میں نقب لگانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، قوم نے جنرل مشرف کی آمریت اور اس کے بعد ایک کرپٹ حکومت کی بد عنوانیوں کا مسلسل 13سال تک سامنا کیا ہے اور اب جبکہ مستقبل قریب میں عام انتخابات کے ذریعے ایک عوام دوست ،دیانتدار اور قومی امنگوں کی علمبردار حکومت کے قیام کے امکانات واضح ہورہے ہیں تو بعض عناصر پرچی کے ذریعے تبدیلی کا راستہ روکنے کی خاطر پورے نظام کو تباہ کرنے کے لئے نکل کھڑے ہوئے ہیں۔