• news

زرداری کی نوازشریف سے فون پر تعزیت

لاہور(خصوصی رپورٹر) صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کو ٹیلی فون کرکے ان کے اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے چھوٹے بھائی عباس شریف کی وفات پر تعزیت کی ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ وہ خود رائیونڈ آ کر میاں عباس شریف کے انتقال پر اظہار تعزیت کرینگے اور فاتحہ خوانی کرینگے۔ مسلم لیگ ن کے اعلامیہ کے مطابق یہ فون صرف تعزیت کیلئے کیا گیا۔ صدرزداری اور نوازشریف کے درمیان سیاسی صورتحال پر گفتگو نہیں ہوئی، نجی ٹی وی کے مطابق صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ فون کرنے پر نوازشریف نے شکریہ ادا کیا۔نوازشریف کے ترجمان ڈاکٹر آصف کرمانی نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری کی نوازشریف سے صرف تعزیت کے لئے گفتگو ہوئی۔ الیکٹرانک میڈیا کے بعض چینلز کی جانب سے سیاسی گفتگو کی آمیزش من گھڑت اور خود ساختہ ہے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ فنکشنل کے صدر پیر صاحب پگاڑہ آج دوپہر مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف سے جاتی عمرہ میں ملاقات کر کے ان کے چھوٹے بھائی محمد عباس شریف کی وفات پر تعزیت کرینگے۔ دریں اثناءگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو ٹیلی فون کیا اور ان سے انکے بھائی عباس شریف کی وفات پر تعزیت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن