فیصل آباد : سی این جی سٹیشن بم دھماکے کے ملزم ڈاکٹر عثمان کو 48 بار سزائے موت
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر1 کے جج مسعود ارشد نے تھانہ سول لائن کے علاقہ مال روڈ پر واقع پی آئی اے اور حساس ادارے کے دفاتر کے قریب سی این جی سٹیشن پر بم دھماکہ کے مرکزی ملزم ڈاکٹر عثمان غنی کو 48 مرتبہ سزائے موت، 140سال قید کی سزا سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق 8مارچ 2011ءکو تھانہ سول لائن کے علاقہ مال روڈ پر واقع پی آئی اے اور حساس ادارے کے دفاتر کے قریب واقع سی این جی پمپ پر بم دھماکہ کے نتیجہ میں 24افراد جاں بحق اور 100 کے لگ بھگ زخمی ہوئے تھے۔ عدالت نے بم دھماکہ کے مرکزی ملزم ڈاکٹر عثمان غنی عرف عثمان کو 48مرتبہ سزائے موت، 140سال قید کی سزا اور 28لاکھ 20ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم دے دیا جبکہ اس کے ساتھی ملزم عبدالرحمن کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا۔