ٹیمیں پانچ خریدار زیادہ‘ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کو بھارتی لیگ سے زیادہ فیس ملے گی : سلمان سرور بٹ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے مینجنگ ڈائریکٹر سلمان سرور بٹ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں شامل کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے زیادہ میچ فیس ملے گی، بنگلہ دیش کے کھلاڑی بھی ہماری لیگ کا حصہ بننے کے خواہش مند ہیںجو رابطے میں ہیں۔کرس گیل جیسے مشہور کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے کئے جا رہے ہیں۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے لئے ہماری اولین ترجیح آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے کھلاڑی ہیں جن سے معاہدوں کے لئے کوشش کی جا رہی ہے جس کا مثبت رسپانس ملا ہے۔ بھارت اپنی لیگ کے علاوہ کسی بھی دوسری لیگ کے لئے کھلاڑیوں کو اجازت نہیں دیتا۔ ہر ملک کے ٹاپ کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ لیگ کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی کے جو انتظامات کئے ہیں ان کے بارے میں سب کو بتا بھی دیا گیا ہے۔ ہم نے پالسی بنائی ہے کہ ہر اس کھلاڑی سے رابطہ کیا جائیگا جو لیگ کا حصہ بننا چاہتا ہے۔کون کھیل سکتا ہے کون نہیں اس حوالے سے ابھی کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی ہے۔ پاکستان کی پہلی سپر لیگ کے لئے کھلاڑیوں کو پانچ کیٹگریز میں بک کیا جا رہا ہے جس میں ڈائمنڈ، پلاٹینم،گولڈ، سلور اوربرا¶نز شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کو جس بھی کیٹگری میں بک کیا جائے گا وہ اسی میں کھیل سکے گا۔ دنیا میں اب تک ہونے والے لیگ مقابلوں میں جو بھی میچ فیس دی جا رہی ہے پی ایس ایل میں اس سے زیادہ میچ فیس دی جائے گی۔ ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کو اچھی رقم حاصل ہو گی۔ ہماری لیگ میں شامل کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے زیادہ فی میچ ادائیگی ہوگی۔ 100 ملین ڈالر کا ٹورنامنٹ ہے جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھے گا اس کی ویلیو میں بھی اضافہ ہوگا۔ براسٹ کاسٹنگ رائٹس کی فروخت کے لئے بہت اچھا رسپانس آیا ہے۔ لیگ کے لئے پانچ ٹیمیں ہیں جبکہ خریدار زیادہ ہیں۔ فروری کے آخر تک تمام چیزیں فائنلائز ہو جائیں گی۔ خواتین کھلاڑیوں کو اس میں شامل نہیں کر سکتے لیکن ٹورنامنٹ کے کسی حصے میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی متعارف کرانے کا سوچ رہے ہیں۔