پاکستان بھارت ہاکی سیریز متاثر ہونے کا خدشہ ہے : قاسم ضیائ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءنے کہا کہ بھارت کے چند شرپسند عناصر کی وجہ سے قومی کھلاڑی ہاکی انڈیا لیگ کے پہلے ایڈیشن میں شرکت سے محروم ہو گئے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میںگفتگو کرتے ہوئے قاسم ضیاءکا کہنا تھا کہ اب دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ ہاکی سیریز بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اگر حکومتی سطح پر تعلقات میں بہتری آتی ہے تو سیریز کے انعقاد کے بھی امکانات روشن ہو جائیں گے۔ قاسم ضیاءکا کہنا تھا کہ فیڈریشن کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے فنڈز کی ضرورت ہے ماضی میں فیڈریشن کے عہدیداران کو اس سے بھی زیادہ فنڈز ملتے رہے ہیں جتنے ہمیں دئیے جا رہے ہیں ان کے مقابلے میں ہماری کارکردگی سب سے نمایاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاکی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے فنڈز کی ضرورت ہے جو حکومتی سپورٹ کے بغیر ممکن نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ بھارت کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی ہاکی سیریز کھیلنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہیں مگر ایشیا کے دیگر ممالک کی ہاکی فیڈریشنز مالی مسائل سے دوچار ہیں کسی بھی دورہ کے لئے فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان مارچ اپریل میں ہاکی سیریز نہیں ہوگی تو پاکستان ٹیم اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔