راجہ پرویز اشرف کے حق میں پیپلز پارٹی کی ریلی
لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی ایگزیکٹو کمیٹی لاہور کے رکن ارشاد علی بھٹی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے گزشتہ روز راجہ پرویز اشرف کے حق میں اور جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف ریلی نکالی۔ کارکنوں نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو اور فریال تالپور کے حق میں جبکہ جمہوریت کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ شاہدرہ موڑ سے راوی پل تک ریلی میں پیپلز پارٹی کے چودھری اکرم، منیر شہزاد، عاطف علی سمیت کارکنوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں صدر آصف زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر قائدین کی تصاویر ان کے حق میں بینرز اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔ کارکن سارے راستے پارپی قیادت کے حق میں اور غیرجمہوری قوتوں کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیخلاف سازشیں کرنے والے جمہوریت اور ملک کے دشمن ہیں اور ایسے لوگوں کے خلاف آئین سے انحراف کا مقدمہ درج ہونا چاہئے اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری اسلام کے نام پر لوگوں کو بیوقوف نہیں بنا سکتے اور نہ ہی پاکستان کے عوام ان کے جھانسے میں آئیں گے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت مشکل وقت میں ملک چھوڑ کر بھاگ جانے والی نہیں بلکہ جمہوریت اور ملک کیلئے جانیں دینے والی ہے۔