• news

لانگ مارچ ملکی مفاد میں پُرامن طریقے سے ختم کرایا: شجاعت

اسلام آباد (اے پی اے ) (ق) لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ق لیگ نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور تمام مسائل کے جمہوری حل پر یقین رکھتے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا لانگ مارچ اور دھرنا ملک وقوم کے مفاد میں پُرامن طریقے سے ختم کرایا گیا ہے ، طاقت کے استعمال کی تجویز کی بھرپور مخالفت کی تھی تاہم پیپلزپارٹی کی قیادت کی مفاہمانہ پالیسی اور لچک دار روئیے سے معاہدہ ہوا ، سیاست ناممکنات کو ممکن بنانے کا نام ہے۔ وہ گذشتہ روز جمعہ کو اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کے مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ علاوہ ازیں ق لیگ کے رہنماﺅں،کارکنوں اور ممتاز شخصیات نے حکومت اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے درمیان کامیاب معاہدے پر حکومتی وفد کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور مشاہد حسین سید کو مبارکباد دی۔ چودھری شجاعت اور مشاہد حسین سید نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ہی مسائل کا بہترین حل ہیں۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے مفاہمت مذاکرات اور تحمل اور برداشت کارویہ اپنایا۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لئے اس کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن