• news

چاہتا ہوں مسلم لیگیں متحد ہوں: پگاڑا‘ آپ کے والد بھی یہی چاہتے تھے: مجید نظامی

لاہور (طاہر جعفری/ وقت نیوز) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگاڑا نے کہا ہے کہ تین چار روز ملک میں تماشا ہوتا رہا نہ کچھ لیا نہ کچھ دیا اور یزید کا لقب دینے کے بعد اسی سے گلے مل کر دھرنا ختم کر دیا گیا۔ پیر صاحب پگاڑا پیر صبغت اللہ راشدی نوائے وقت گروپ کے ایڈیٹر انچیف مجید نظامی سے لاہور میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر صاحب پگاڑا کا کہنا تھا کہ چار روز ملک میں تماشا ہوتا رہا، گالیاں دی جاتی رہیں تاہم بعد میں ایک دوسرے کو گلے لگا کر دھرنا ختم کر دیا گیا، یزید کا لقب پانے والوں سے معاہدے پر دستخط بھی کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خواہش مند ہیں کہ مسلم لیگیں متحد ہو جائیں اور ملک امن کا گہوارہ بنے۔ مسلم لیگی دھڑوں کا اتحاد انکے والد کی خواہش ہے اور لیگی دھڑوں کا اتحاد ہو جائے تو میرا بوجھ کم ہو جائے گا، ملک نازک حالات سے گزر رہا ہے، تمام مسلم لیگوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، ملک کے لئے مجید نظامی کی خدمات لازوال ہیں، ملکی مسائل اُجاگر کرنے اور نظریہ پاکستان کے فروغ کے لئے مجید نظامی نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ میاں نوازشریف نے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بلاکر اچھا قدم اٹھایا جس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ہماری ملاقات انتہائی کامیاب رہی۔ مجید نظامی نے کہاکہ اگر مقررہ وقت پر عام انتخابات نہ ہوئے تو ملکی صورتحال ابتر اور حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔ مجید نظامی نے کہاکہ ایوان کارکنان پاکستان میں منعقدہ سیمینار میں مرحوم پیر پگاڑا نے غیرمشروط اتحاد کی بات کی اور کہا تھا کہ انہیں جنرل کونسل میں نمائندگی سمیت کسی عہدے کی ضرورت نہیں۔ وہ مسلم لیگوں کا اتحاد دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ سند یافتہ مجاہد ہیں، نوائے وقت گروپ مسئلہ کشمیر پر جہاد کر رہا ہے، وہ پاکستان کو قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر موجود نیشنل پیپلزپارٹی کے سربراہ غلام مرتضیٰ جتوئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی نے گذشتہ پانچ سال میں ملک کا بیڑا غراق کرکے رکھ دیا، وہ سندھ میں بلامقابلہ انتخابات جیتنے کی تیاری کر چکے تھے تاہم اب حالات مختلف ہیں۔ پیر پگاڑا کی قیادت میں مختلف جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں۔ سندھ کے عوام محرومیوں کا ازالہ اور تبدیلی چاہتے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں سندھ کے عوام اپنا فیصلہ سنا دیں گے۔ جنرل سیکرٹری مسلم لیگ فنکشنل امتیاز شیخ نے کہا کہ مجید نظامی کی دعاﺅں کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگی اتحاد کے لئے مجید نظامی کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پیپلزپارٹی سرمائے کے زور پر انتخابات جیتنا چاہتی ہے تاہم نظریاتی لوگ متحد ہوکر اُسے شکست دیں گے۔ مجید نظامی نے پیرپگاڑا کو مدینہ منورہ کی تسبیح بھی تحفے میں دی۔ اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی خدا بخش راجڑ اور فقیر جادم منگریو بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن