طاقت استعمال کئے بغیر معاملہ حل کرنا مفاہمت کا ثبوت ہے : زرداری
کراچی (سٹاف رپورٹر + وقت نیوز رپورٹ) صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد کے کامیاب اعلامیے پر حکومت اور اپوزیشن کو مبارکباد دی ہے۔ صدر نے کہا کہ کامیاب حل پر وزیراعظم، اتحادی اور اپوزیشن مبارکباد کے مستحق ہیں۔ طاقت کے استعمال کے بغیر معاملے کا حل جمہوریت اور مفاہمت کا ثبوت ہے۔ الیکشن وقت مقررہ پر ہوں گے، ایک دن بھی تاخیر نہیں ہو گی۔ الیکشن آئین کے تحت منعقد کرائے جائیں گے۔ انتخابات کا التوا چاہنے والے ذہنی انتشار کا شکار ہو چکے ہیں، کسی بھی بہانے کے ذریعے انتحابات ملتوی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جمہوریت کے تحفظ کے لئے سیاسی قوتوں کا اتخاد قابل تحسین ہے، محترمہ کی مفاہمت کی پالیسی کے نتیجے میں معاملہ حل ہوا۔ انتخابات ملتوی کرانے والوں کو مایوسی ہوئی، احتجاج والوں کا پرامن رویہ بھی قابل تحسین ہے۔ مزید برآں صدر زرداری نے کہا کہ حکومت کراچی سمیت ملک بھر میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت کے ساتھ تمام اتحادی، سیاسی و مذہبی جماعتوں اور عوام کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی تاکہ ہم ملک کا مستقبل محفوظ بنا سکیں۔ کراچی میں قیام امن کے لئے حکومت سندھ بھرپور اقدامات کرے۔ بھتہ خوروں، ٹارگٹ کلرز اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لئے بڑے پیمانے پر ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ وہ جمعہ کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاو¿س میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال، کراچی میں قیام امن، ترقیاتی منصوبوں اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے صدر مملکت کو ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی منظر امام کے قتل کے واقعہ کے بعد پولیس کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صدر نے کہا کہ کراچی ملک کو معاشی حب ہے۔ کراچی کا امن خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ صدر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لئے تمام اتحادی اور سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر مربوط پالیسی تشکیل دی جائے۔ صدر نے ہدایت کی کہ کراچی کے تمام حساس علاقوں میں پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے اور تمام علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی چوکیاں قائم کی جائیں۔ صدر نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں جمہوری نظام کا تسلسل جاری رکھنے کے لئے شہید بے نظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی جاری رکھے گی۔ صدر نے مزید کہا کہ حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔