• news

سہ ملکی کور گروپ کا اجلاس‘ ملا برادر سمیت تمام افغان طالبان کو رہا کر دیں گے: پاکستانی سیکرٹری خارجہ

ابوظہبی (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے ملا برادر سمیت تمام طالبان قیدیوں کو بتدریج رہا کرنے کا ا علان کیا ہے اور سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے ہاں قید تمام طالبان قیدیوں کو رہا کر رہا ہے تاکہ افعانستان میں امن کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے‘ وہ جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس سے پہلے انہوں نے امریکہ کے قائم مقام خصوصی نمائندے اور افغان نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں افغانستان میں امن کے عمل کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کور گروپ کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ جلیل عباس نے کی۔ مذاکرات میں افغان طالبان کے ساتھ مفاہمتی عمل پر بات ہوئی۔ بعدازاں افغان نائب وزیر خارجہ جاوید لڈن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے طالبان قیدیوں کی رہائی کے بعد امن کا عمل تیز ہوا ہے اور 2013ءمیں اس کے ٹھوس نتائج برآمد ہونگے۔ پاکستانی سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ افعانستان میں امن اور مفاہمت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور ہم ہمسایہ ملک میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قید لوگوں کے بارے میں رابطے جاری ہیں اور انہیں بتدریج رہا کر دیا جائے گا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان طالبان تحریک کے دوسرے بڑے رہنما ملا برادر کو بھی رہا کر دے گا تو سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ہم یہی چاہتے ہیں کہ تمام لوگوں کو رہا کیا جائے۔ بعدازاں جاوید لڈن نے صحافیوں کو بتایا کہ اس ملاقات کا مقصد باہمی تعلقات کے مختلف پہلوﺅں کا جائزہ لینا اور انہیںآگے بڑھانا تھا۔ افغان نائب وزیر خارجہ نے بتایا کہ تعاون کے ماحول میں پیش رفت ہو رہی ہے 2013ءاہم سال ہے اور ہم نے اتفاق کیا ہے کہ امن کی اس رفتار کو برقرار رکھا جائے۔ 2013ءمیں اس امن کے عمل کے ٹھوس نتائج برآمد ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن