معاہدے کے بعد انتخابی عمل کا حصہ بن گئے ‘ الیکشن لڑ سکتے ہیں: ترجمان منہاج القرآن
لاہور (نوائے وقت نیوز/ این این آئی) تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اسلام آباد دھرنے کے بعد لاہور پہنچ گئے۔ وہ بلٹ پروف گاڑی میں موٹر وے سے لاہور پہنچے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکومت اور اسکے اتحادیوں سے کئے گئے معاہدے پر عملدرآمد بھی کرائیں گے۔ معاہدے پر عمل نہ ہوا تو انتہائی قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ لانگ مارچ کامیاب ہوا اس پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں دھرنے میں شامل ہونیوالے تمام شرکاءکو مبارک باد دیتا ہوں انہوں نے آنے والی نسلوں کا مقدر سنوارنے میں اپنا حصہ ڈالا ہے، انکی آج کچھ دنوں کی تکلیف کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گی۔
لاہور (این این آئی) تحریک منہاج القرآن کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری انتخابی اصلاحات کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد اب وہ انتخابی عمل کا حصہ بن چکے ہیں اور آنے والے عام انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں لیکن طاہر القادری کا وزیراعظم بننے کا ارادہ نہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری سیاسی اصلاحات اور کرپشن کے خاتمے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ فیض الاسلام کے مطابق معاہدے پر مکمل عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت معاہدے سے انحراف کرتی ہے تو میڈیا اور لوگوں کی طاقت سے اس کا مقابلہ کیا جائے گا۔ دریں اثنا ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بھی ڈاکٹر طاہر القادری کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے گردش کرنیوالی خبروں کی تردید کی ہے۔