• news

جمہوریت مخالف قوتوں کی مرادیں پوری نہ سکیں ”اتحادی مارچ“ منطقی انجام تک پہنچ گیا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ”اتحادی مارچ“ بن کر اپنے منطقی انجام کو پہنچا۔ کوئی مطالبہ پورا نہیں ہوا، معصوم بچوں، عورتوں، بزرگوں کو سخت سردی اور بارش میں ناحق تکلیف میں رکھا گیا۔ جمہوریت مخالف قوتوں کی مرادیں بارآور نہ ہو سکیں۔ عام انتخابات کے نزدیک نام نہاد انقلاب کے ذریعے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ لانگ مارچ اور دھرنے سے کیا مقاصد حاصل کئے گئے؟ لانگ مارچ اور دھرنے پر کروڑوں روپے برباد کرنے والے ”مک مکا“ کر کے چل دئیے۔ لانگ مارچ کرنے والوں نے پہلے جنہیں برا بھلا کہا پھر انہیں گلے لگا لیا، یہ قول و فعل کا کھلا تضاد ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طاہرالقادری ”ریاست بچاﺅ“ کی بجائے ”عزت بچاﺅ“ کا معاہدہ کر گئے۔ گرم کنٹینر میں بیٹھنے والے عوام کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ طاہرالقادری نے بچوں اور خواتین کو اپنی ضد کی وجہ سے بیمار کر کے چھوڑ دیا جبکہ وہ خود گرم کنٹینر میں تشریف فرما رہے۔ پوری قوم جانتی ہے کہ لانگ مارچ کرنے والے امپورٹڈ عناصر اس وقت بیرون ملک عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے تھے جب ملک کو سیلاب اور ڈینگی جیسی قدرتی آفات کا سامنا تھا۔ تبدیلی یا انقلاب زبانی نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے آتا ہے۔ عوام نے جھوٹے نعرے لگانے والوں کو رد کر دیا ہے۔ ملک میں تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اس کیلئے عام انتخابات کا بروقت انعقاد انتہائی ضروری ہے۔ ملک کسی قسم کی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ملک کو دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، جہالت اور دیگر مسائل کا سامنا ہے جن کا واحد حل عام انتخابات کا بروقت انعقاد ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے صوبے میں عوامی خدمت اور گڈ گورننس کی بنا پر ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ مسلم لیگ (ن) چاروں صوبوں میں مقبول جماعت بن چکی ہے اور مسلم لیگ (ن) جمہوریت، قانون کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ نوازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے آئین اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اشرافیہ کو سہولتوں کی فراہمی پر خاموش اور عام آدمی کے ریلیف کے منصوبوں پر شوروغل کرنے والوں کو غریب عوام سے کوئی ہمدردی نہیں اسی لئے انہوں نے اپنے دور حکومت میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر ڈھٹائی سے لوٹ مار کی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے صوبے بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے برق رفتاری سے مکمل کئے ہیں۔ عوامی مفاد کا تاریخی منصوبہ میٹرو بس سروس خدمت خلق کا اعلیٰ نمونہ ہے اور یہ منصوبہ اسی ماہ پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ میٹرو بسیں چلنے سے عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی سے مخالفین کے منہ بند ہو جائیں گے۔ وہ گذشتہ روز پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں میٹرو بس اتھارٹی کے بجٹ کی اصولی منظوری دی گئی اور اتھارٹی کے انتظامی و دیگر امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس سروس کے عظیم الشان منصوبہ کی تکمیل سے عوام کو بہترین، آرام دہ اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ میٹرو بس کا منصوبہ برق رفتاری، معیار اور شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔ میٹرو بس کا شاندار منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جلد عوام کی عارضی تکالیف مستقل سکھ میں بدلنے والی ہیں۔ پنجاب حکومت ریکارڈ مدت میں دن رات کام کر کے تاریخی منصوبہ میٹرو بس کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر تاریخ رقم کر رہی ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کا کلچر یکسر بدل جائے گا اور لوگوں کے طرز زندگی میں بھی تبدیلی واقع ہو گی۔ میٹرو بس کے روٹ پر صفائی اور ستھرائی کے لئے لاہور سالڈ ویسٹ کمپنی کے مابین پہلے ہی معاہدہ طے پا چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن