جارحانہ عزائم نہیں، پاکستان کو اپنی اصلاح کرنا ہو گی: منموہن
جے پور (نوائے وقت رپورٹ) جے پور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئے ہم ایک خطرناک پڑوسی ملک کے ساتھ رہتے ہیں۔ ہمیں پاکستان کو اپنا پڑوسی ملک سمجھنا چاہئے۔ پاکستان کا بطور پڑوسی ملک احترام کرنا چاہئے۔ ہم ایک خطرناک اور غےر مستحکم ملک کے پڑوسی ہیں پاکستان کے بطور پڑوسی ملک کے وجود سے انکار نہیں کر سکتے۔پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں۔ بھارت سے اچھے تعلقات کیلئے پاکستان اپنا رویہ بدلے۔ پاکستان کو اپنی اصلاح کرنا ہو گی۔ اس طرح کے واقعات سے دیرپا تعلقات قائم نہیں رہ سکتے۔ بھارت میں حکمران پارٹی کانگرس کی سربراہ سونیا گاندھی نے جے پور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسیوں سے بہتر تعلقات خطے میں امن کیلئے ناگزیر ہیں۔ کسی کے ساتھ بات چیت طے شدہ مہذب رویوں کے تحت ہونی چاہئے۔ ہمیں اپنی طاقت، خامیوں اور لاحق خطرات پر غور کرنا چاہئے۔