پنجاب کوآپریٹو بنک نے یکم جولائی سے 31 دسمبر تک 767.79 ملین غیرفعال قرضوں کی وصولی کی
لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ نے یکم جولائی 2012ءسے 31 دسمبر 2012ءتک غیرفعال قرضہ جات کی وصولی کی مد میں 767.79 ملین روپے کی وصولی کی، جس میں سے 653.35 ملین روپے کی کیش اور 114.44 ملین روپے کے نادہندگان کی جائیدادیں بنک کے نام ٹرانسفر کی گئیں۔ یہ بات سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب ڈاکٹر عامر احمد کی زیرصدارت اجلاس میں بتائی گئی۔ رجسٹرار کوآپریٹوز پنجاب ڈاکٹر ارشد محمود، صدر / چیف ایگزیکٹو آفیسر بنک سید طلعت محمود، محکمہ امداد باہمی اور بنک کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں فصل ربیع 2012-13ءکیلئے قرضہ جات کے اجراءاور فصل خریف 2012ءکی وصولی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ بنک 31 جنوری 2013ءکیلئے 2 ارب 30 کروڑ روپے کے قرضہ جات جاری کر رہا ہے۔